سفری پابندیوں پرٹرمپ کوعدالتی جنگ میں پھرشکست

سفری پابندیوں پرٹرمپ کوعدالتی جنگ میں پھرشکست
February 09, 2017
قومی آواز ۔اسلام آباد ۔امریکاکےصدر ڈونلڈ ٹرمپ اپیلز کورٹ میں بھی قانونی جنگ ہار گئے ۔ عدالت نے سات مسلم ممالک کےشہریوں کے ویزا پابندی کی معطلی کے فیصلے کو برقرار رکھا جبکہ ڈونلڈٹرمپ نے عدالتی فیصلے کو سیاسی قرار دیتےہوئے سپریم کورٹ جانے کااعلان کردیا ۔

امریکی میڈیا کے مطابق سان فرانسسکو کی تین رکنی اپیلز کورٹ نے ویزا پابندی کی معطلی کا فیصلہ برقرار رکھا ہے ۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 27 جنوری کو سات مسلم ممالک پر ویزا پابندی کا ایگزیکٹو آرڈر جاری کیا تھاجس کے تحت ان ممالک سے تعلق رکھنے والے افراد کے امریکا میں داخلے پر پابندی عائد کردی گئی تھی تاہم سیاٹل کی ایک مقامی عدالت نے اس ایگزیکٹو آرڈر کو عارضی طور پر معطل کردیا تھا ۔

امریکی محکمہ انصاف نے اس معطلی کے خلاف اپیلز کورٹ میں درخواست دائر کی تھی ۔اب اپیلز کورٹ کے فیصلے کے بعد معاملہ سپریم کورٹ میں جائے گا جہاں آٹھ رکنی بینچ اس کی سماعت کرے گا اور فیصلے میں ٹائی ہونے کی صورت میں اپیلز کورٹ کا فیصلہ برقرار رہے گا ۔

دوسری جانب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر اپنے ردعمل میں عدالتی فیصلے کو سیاسی کہہ دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے ملک کی سلامتی دائو پر لگی ہوئی ہے ، اب سپریم کورٹ میں ملاقات ہوگی اور آخر کار قانونی فتح ہماری انتظامیہ کی ہی ہوگی ۔