‘پاکستان نے مغوی خاندان کی بازیابی کے دوران گرفتار اغواکار تک رسائی نہیں دی’

Saturday, December 30, 2017
قومی آواز ۔ ٹورنٹو ۔

امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے دعویٰ کیا ہے کہ رواں برس اکتوبر میں کینیڈین امریکن خاندان کی بازیابی کے دوران ایک اغواکار کو بھی گرفتار کیا گیا تھا، جس کا ​تعلق حقانی نیٹ ورک سےہے۔

نیو یارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق امریکی حکام نےکینیڈین امریکن خاندان کی بازیابی کے دوران گرفتار اغواکار ​تک رسائی مانگی تھی لیکن پاکستان نے منع کردیا۔

کرم ایجنسی سے بازیاب غیر ملکی خاندان برطانیہ کے راستے کینیڈا روانہ

رپورٹ کے مطابق سربراہ امریکی سنٹرل کمانڈ نے گرفتار شخص کو انتہائی اہم قرار دیا ہے، جو ایک اور مغوی امریکی کے بارے میں معلومات دے سکتا ہے۔

امریکی اخبار نے اسلام آباد کی جانب سے رسائی نہ دینے کو پاکستان اور امریکا کے درمیان اختلافات کی ایک وجہ قرار دیا اور لکھا کہ ٹرمپ انتظامیہ نے پہلے سے التوا کا شکار پاکستان کی 255 ملین ڈالر امداد روکنے پر غور شروع کردیا ہے۔

کینیڈین امریکی خاندان کی بازیابی
یاد رہے کہ 5 برس سے یرغمال امریکی خاتون کیٹلان کولمین اور ان کے کینیڈین شوہر جوشوابوائل کو بچوں سمیت رواں برس اکتوبر میں پاک فوج نے بازیاب کرایا تھا۔

پاک فوج نے 5 غیر ملکی یرغمالیوں کو بازیاب کرالیا

غیر ملکیوں کو دہشت گردوں نے 2012 میں افغانستان سےاغواء کیا تھا اور انہیں وہیں رکھا، بعدازاں امریکی خفیہ اداروں نے 11 اکتوبر2017 کو ان کی خیبر ایجنسی کے راستے پاکستان منتقلی کی معلومات دیں، جس پر پاک فوج نے کارروائی کرتے ہوئے انہیں بازیاب کروایا تھا۔

اس موقع پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاک فوج کی تعریف کرتے ہوئے کہا تھا کہ پانچوں غیر ملکیوں کی بازیابی پاک-امریکا تعلقات میں مثبت لمحہ ہے۔