چار سالہ برطانوی شہزادہ جارج داعش کی ہٹ لسٹ میں شامل: برطانوی میڈیا

Monday, October 30, 2017
قومی آواز ۔
برطانوی میڈیا
برطانوی شاہی خاندان کے 4 سالہ ننھے شہزادے جارج عالمی شدت پسند تنظیم داعش کی ہٹ لسٹ میں شامل ہیں اور دہشت گرد تنظیم انہیں قتل کرنا چاہتی ہے۔

برطانوی میڈیا کے مطابق داعش کے کارندوں نے برطانوی شہزادے کو قتل کرنے کا پیغام سوشل میڈیا کے ذریعے بھیجا۔

یاد رہے کہ شہزادہ پرنس اور کیٹ میڈلٹن کے بیٹے جارج برطانوی بادشاہ بننے کی فہرست میں تیسرے نمبر پر ہیں اور انہوں نے گزشتہ ماہ ہی اپنی آبائی رہائشگاہ یعنی کینسنگٹن پیلس کے قریب اسکول میں اپنی تعلیم کا آغاز کیا ہے۔

برطانوی اخبار ’دی سن‘ کی رپورٹ کے مطابق سوشل میڈیا پر داعش کی خفیہ ٹیلی گرام سروس پر تھامس بیٹرسی اسکول کے ساتھ شہزادہ جارج کی تصویر آویزاں کی گئی ہے جس کے ساتھ ’اسکول جلدی شروع ہوتا ہے‘ کی تحریر بھی لکھی گئی۔

خیال رہے کہ داعش کی جانب سے پیغامات کی ترسیل کے لیے ٹیلی گرام سروس کا استعمال کیا جاتا ہے تاکہ میسج بھیجنے والے تک کسی کی رسائی ممکن نہ ہو سکے۔

اخبار کے مطابق پوسٹ میں عربی کی تحریر بھی لکھی گئی تھی جس کا مطلب تھا کہ ’’جب جنگ شروع ہو جائے تو بدعقیدہ لوگوں پر اچانک حملہ کر کے مطلوبہ نتائج حاصل کیے جائیں‘‘۔

برطانوی اخبار کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ ان کے تحقیقات کاروں نے پتہ لگایا ہے کہ اس پیغام کا مقصد برطانوی شاہی خاندان کے ننھے شہزادے کو نشانہ بنانا ہے۔

یاد رہے کہ شہزادہ جارج کے اسکول کی سیکیورٹی کلاسز کے آغاز سے چند روز پہلے اس وقت ہی بڑھا دی گئی تھی جب ایک خاتون کو اسکول کے کوریڈور میں بلا روک ٹوک فلم بناتے دیکھا گیا تھا۔