کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا کل آخری روز، کئی امیدواروں نے فارم جمع کرادیے

Sunday June 10

قومی آواز کراچی

عام انتخابات 2018 کے لیے کاغذات نامزدگی وصول اور جمع کرانے کا کل آخری روز ہے اور اس سے قبل آج چھٹی کے روز بھی نامزدگی فارم حاصل اور جمع کرائے گئے۔

پنجاب اسمبلی کی نشستوں پر 235 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیے، آج نامزدگی فارم جمع کرانے والوں میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما چوہدری نثار نے مجموعی طور پر 3 نشستوں پر کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔

چوہدری نثار نے قومی اسمبلی کی نشست این اے 59 اور صوبائی اسمبلی کی 2 نشستوں پی پی 10 اور 12 کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرائے، ان کی جانب سے شیخ اسلم اور شیخ ساجد نے نامزدگی فارم جمع کرائے۔

مریم نواز نے این اے 127 سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے جب کہ مسلم لیگ (ن) کے اختر حسین بادشاہ، غزالی سلیم بٹ، چوہدری اختر اور فیصل ایوب کھوکھر بھی کاغذات نامزدگی جمع کرانے والوں میں شامل ہیں۔

مسلم لیگ ق کے چودھری پرویز الہی نے این اے 69 گجرات سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے جب کہ مونس الہی نے گجرات کے حلقہ پی پی 30 سے کاغذات نامزدگی کرائے۔

تحریک انصاف کے رہنما علیم خان نے این اے 129 سے کاغذات نامزدگی اپنے وکیل کے ذریعے جمع کرائے جب کہ جاوید علی نے پی پی 167 اور 161 سے، مراد راس نے پی پی 159 اور ولید اقبال نے پی پی 158 اور 157، 163 سے جمع کرائے۔

جماعت اسلامی کے سابق ایم پی اے وسیم اختر نے این اے 170 بہاولپور کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیے۔

سندھ

ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما کنور نوید جمیل نے این اے 255 کراچی وسطی سے جب کہ پیپلز پارٹی کے رہنما قادر خان مندوخیل نے این اے 249 سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔

ایم کیو ایم پاکستان کے ارشاد علی نے پی ایس 127، اے پی ایم ایل کے نسیم خان نے بھی پی ایس 127 سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔

پیپلز پارٹی کے رکن رانا محمد عقیل نے پی ایس 124، وسیم اختر نے پی ایس 117 ویسٹ اور جاوید ناگوری نے پی ایس 107 سے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیے۔

چیئرمین سندھ ترقی پسند پارٹی قادر مگسی نے این اے 213 نوابشاہ سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے جب کہ مسلم لیگ (ن) کے صوبائی صدر شاہ محد شاہ نے این اے 223 مٹیاری کے حلقے کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔

این اے 230 بدین گولارچی سے پیپلز پارٹی کے حاجی رسول بخش چانڈیو کی جانب سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے ہیں۔

بلوچستان

ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ بلوچستان بھر میں قومی اسمبلی کے 16 حلقوں کے لئے 94 اور صوبائی اسمبلی کی 51 نشستوں کے لئے 385 کاغذات نامزدگی جمع کرائےگئے۔