کوئٹہ میں خودکش حملہ،2 ایف سی اہلکاروں سمیت11 افراد شہید

جمعہ , 5 فروری , 2016

قومی آواز ۔ نامہ نگار. كوئٹہ كےعلاقے شاہراہ اقبال پرواقع ضلعی كچہری كے بیرونی گیٹ پر دوپہر کے اوقات میں سیكورٹی فورسز كی بڑی گاڑی اورپك اپ كونشانہ بنایا گیا جس كے نتیجے میں سیكیورٹی اہلكارسمیت 4 افراد موقع پر جاں بحق ہوگئے جب كہ دیگر افراد اسپتال پہنچنے كے بعد زندگی كی بازی ہار گئے۔ عینی شاہدین کے مطابق دھماكے سے قریب گزرنے والی گاڑی دوسری طرف میٹروپولٹین كی فٹ پاتھ پرجاگری جب كہ ركشہ موٹرسائیكلیں بھی تباہ ہوئی، دھماكا اس قدر شدید تھاكہ اس كی آواز شہر بھر میں سنی گئی اور اس سے قریبی عمارتوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے، دھماكے كے بعد قانون نافذ كرنیوالے اداروں كے اہلكاروں نے موقع پرپہنچ كرجائے وقوعہ اور اس کے اطراف عام عوام كاداخلہ بند كرکے شواہد اکٹھا کرنا شروع کردیئے۔

شاہراہ اقبال پردھماکے کے بعد کئی زخمیوں كوایمبولینسز، پرائیویٹ گاڑیوں ركشوں اورموٹرسائیكلوں پرلوگوں نے سول اسپتال كوئٹہ پہنچایا جن میں سے معمولی زخمی ہونیوالے 20 كے قریب زخمیوں كوطبی امداد كے بعد اسپتال سے فارغ كردیا گیا جب كہ شدیدزخمیوں كے علاج معالجے كاسلسلہ جاری ہے، دھماکے کے بعض شدیدزخمیوں كوفوری طوپركمبائنڈ ملٹری اسپتال كوئٹہ منتقل كردیاگیا ہے۔ اسپتال ذرائع كے مطابق زخمیوں میں 5 كی حالت تشویشناك ہے۔ خود كش بم دھماكے كے نتیجے میں جاں بحق ہونیوالوں میں ایف سی اہلكار لائنس نائیك محمدآصف ولد امام بخش، رمضان، حزب اللہ ، ثمرین،عبدالولی، عبدالحكیم، لیاقت علی اورایك نامعلوم شخص شامل ہے۔

سیكورٹی ذرائع كے مطابق ابتدائی شواہد سے معلوم ہورہا ہے كہ دھماكا خود كش تھا جب كہ آئی جی پولیس احسن محبوب كے مطابق ابتدائی طو ر پرنہیں كہاجاسكتا كہ دھماكا خود كش تھا یا پھرسائیكل وموٹرسائیكل میں دھماكا خیز مواد نصب كركے ایف سی كی گاڑیوں كو نشانہ بنایا گیا تا ہم شواہد سے ایسالگتا ہے كہ یہ خودکش حملہ تھا۔ بم ڈسپوزل اسكواڈ كے مطابق خود كش بمبار سائیكل پرسوار تھا جس نے اپنے جسم كے ساتھ 8 سے 10كلوگرام دھماكا خیز مواد باندھ ركھا تھا اوراس نے سائیكل ایف سی كے ٹرك سے ٹكرائی جس كے نتیجے میں زورداردھماكا ہوا۔