کوئی بھی دشمن ایران کو کمزور نہیں کرسکتا : خامنہ ای کا ٹرمپ کو جواب

11 جمادی الاول 1438هـ – 7 فروری 2017م

کوئی بھی دشمن ایران کو کمزور نہیں کرسکتا : خامنہ ای کا ٹرمپ کو جواب
قومی آواز ۔ تہران ۔
ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای پاسداران انقلاب ایران کے کمانڈروں کے اجلاس سے خطاب کررہے ہیں۔
ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس انتباہ کو مسترد کردیا ہے جس میں انھوں نے ایران سے کہا ہے کہ وہ میزائل تجربات کو بند کردے۔ انھوں نے ایرانیوں سے کہا ہے کہ وہ ٹرمپ کی دھمکیوں کا جواب دینے کے لیے آیندہ جمعے کو سڑکوں پر نکلیں۔
علی خامنہ ای نے تہران میں فوجی کمانڈروں کے ایک اجلاس میں کہا ہے کہ ”کوئی بھی دشمن ایرانی قوم کو کمزور نہیں کرسکتا ہے”۔
ایرانی سپریم لیڈر کی ویب سائٹ کے مطابق انھوں نے کہا:” آپ کو مجھ سے خوف زدہ ہونا چاہیے ،نہیں ، بلکہ ایرانی قوم 10 فروری کو ان کے الفاظ کا جواب دے گی اور ایسی دھمکیوں کے خلاف اپنا موقف ظاہر کرے گی”۔ ان کا اشارہ ایرانی انقلاب کی سالگرہ کی جانب تھا۔

قبل ازیں ایرانی صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ جولائی 2015ء میں چھے بڑی طاقتوں کے ساتھ طے شدہ جوہری معاہدہ مشرق وسطیٰ کے دوسرے تنازعات کے حل کے لیے ایک خاکہ ہوسکتا ہے۔
انھوں نے کہا کہ اگرچہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران کے جوہری پروگرام پر قدغنوں کے لیے سمجھوتے کو خطرناک قرار دے رہے ہیں لیکن اس طرح کے ”درجنوں” مذاکرات سے خطے کی سلامتی اور استحکام کے لیے راہ ہموار ہوسکتی ہے۔