گلی محلوں میں فتوی جاری ہوں گے تو ملک میں انارکی پھیلے گی، احسن اقبال

:قومی آواز اسلام آباد
پاکستان 06 اکتوبر ، 2017

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ گلی محلوں میں فتوےجاری ہوں گے تو ملک میں انتشار پیدا ہوگا۔

اسلام آباد میں وفاقی وزیر قانون زاہد حامد کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہاصلاحات بل میں تمام جماعتوں سے مشاورت کی گئی اور کاغذات نامزدگی اصل شکل میں بحال ہوچکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ختم نبوت ایمان کی بنیاد اور ستون ہے جس پر سمجھوتا کرنا تو دور ایسا سوچنا بھی کفر ہے لہذا حکومت اور تمام جماعتوں نے ملکر اصل ایکٹ واپس منظور کرلیا۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ اسلامی جمہوریہ میں اسلام کے خلاف قانون سازی نہیں ہوسکتی اور اسلامی ملک تین چیزوں پر ریاست کی اجارہ داری ہے جس میں کسی کے کافر یا مسلمان ہونے، سزا وجزا اور جہاد کا فیصلہ ریاست کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس معاملےپر نفرت کے بیج بونے والے شرارت کررہے ہیں، نفرت کے تاجروں سے ملک کو آزاد کرانا ہے اور گلی محلے میں فتوے جاری ہوں گے تو ملک میں انتشار پھیلے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ کسی کوحق نہیں کہ میرے جنتی یا دوزخی ہونے کا فیصلہ کرے کیوں کہ یہ اللہ کا حق ہے اور نہ ہی ہمیں حق حاصل ہے کہ ہم لوگوں کی درجہ بندی کریں۔

وفاقی وزیر قانونی زاہد حامد نے کہا کہ انتخابی اصلاحات بل تمام جماعتوں سے مشاورت کے بعد منظور کیا گیا تھا لیکن ترمیم کے بعد کاغذات نامزدگی فارم اصل شکل میں بحال ہوچکا ہے، میں باعمل مسلمان اورحاجی ہوں۔