شامی فوج کی بمباری میں مزید 24 افراد ہلاک، سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب

Wednesday, March 7, 2018
:قومی آواز دمشق
شام کے مشرقی علاقے غوطہ میں شامی فوج کے حملے کے نتیجے میں مزید 24 افراد ہلاک ہوگئے جب کہ صورتحال سے متعلق سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بھی آج ہونے جارہا ہے۔

غیرملکی خبر ایجنسی کے مطابق جنگ زدہ ملک شام کے علاقے غوطہ میں شامی فوج کی تازہ کارروائی میں مزید 24 افراد ہلاک ہوگئے جس کے بعد دو ہفتوں کے دوران شامی فوج کے حملوں میں ہلاک افراد کی تعداد 800 سے تجاوز کر گئی۔

دوسری جانب شام کی صورتحال سے متعلق سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس آج ہوگا جس میں صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔

گزشتہ چند روز کے دوران حکومتی اور اتحادی فورسز کی جانب سے باغیوں کے خلاف کارروائی میں تیزی لائی گئی ہے جس کے دوران مشرقی غوطہ کا 10 فیصد علاقہ باغیوں کے تسلط سے چھڑایا گیا۔

شامی مبصرین کے مطابق حکومتی فورسز کی تازہ کارروائیوں کے بعد مشرق اور جنوب مشرق میں 4 علاقے اور 2 ائیر بیس حکومتی فورسز کے قبضے میں چلی گئی ہیں۔