قومی آواز ۔ لاہور: کچھ افراد کی عادت ہوتی ہے کہ وہ دوران نیند اپنا ایک پاؤں بستر سے باہر نکالے رکھتے ہیں جبکہ کچھ تو ایسے بھی ہوتے ہیں جو کہ دونوں پاؤں ہی لحاف یا کمبل سے باہر رکھتے ہیں۔ یہ افراد ایسا کیوں کرتے ہیں، اس بارے میں تو خود ان کو بھی نہیں معلوم ہوتا ہے، البتہ وہ یہ ضرور جانتے ہیں کہ اس طریقے سے وہ زیادہ اچھی نیند سوتے ہیں اور اگر کوئی شخص ان کے پاؤں پر کمبل یا لحاف ڈالے دے تو ان کی آنکھ کھل جاتی ہے۔ سائنس نے اس کی توجیہہ ڈھونڈ نکالی ہے جو کہ خاصی دلچسپ ہے۔ ماہرین کہتے ہیں کہ دراصل ایک پاؤں بستر سے باہر رکھنے کی صورت میں جلد کے نیچے موجود خاص طرح کی خون کی نالیاں متحرک ہوجاتی ہیں۔ یہ خون کی نالیاں جلد کی انتہائی اوپری سطح پر ہی ہوتی ہیں، یہی وجہ ہے کہ یہ کمبل کے اندر موجود پاؤں اور کمبل سے باہر موجود پاؤں کے درجہ حرارت کو آسانی سے محسوس بھی کرسکتی ہیں۔ اسی درجہ حرارت کو محسوس کرتے ہوئے یہ متحرک ہوتی ہیں۔ جس وقت پاؤں سے کمرے کی ٹھنڈی ہوا ٹکراتی ہے تو یہ نالیاں جسم کے درجہ حرارت کو کم کرنے میں مدد دیتی ہیں۔ اچھی اور پرسکون نیند سونے کیلئے جسم کا درجہ حرارت کم ہونا بے حد ضروری ہے۔ یہی وجہ ہے کہ جوں ہی پاؤں کے ذریعے جسم کو موصول ہونے والے سگنلز کی بدولت جسم کا درجہ حرارت کم ہوتا ہے، ویسے ہی نیند آنا شروع ہوجاتی ہے۔اسی مرحلے کو ماہرین یوں بھی بیان کرتے ہیں کہ جس وقت دماغ تھک جاتا ہے اور آرام کا طلبگار ہوتا ہے تو یہ جسمانی افعال کو سست کرنے لگتا ہے، ساتھ ہی جسم کا درجہ حرارت بھی گرنے لگتا ہے اور نیند کی کیفیت پیدا ہوجاتی ہے۔ اگر آپ بھی نیند کی کمی کا شکار ہیں تو رات سونے سے قبل بستر سے اپنا ایک پاؤں باہر رکھ کے سونے کی کوشش کیجئے گا، غالب امکان یہی ہے کہ آپ اچھی اور پرسکون نیند سوجائیں گے۔