برطانوی شہریوں کیلئے وائٹ ہاؤس سیر کی سہولت ختم

March 10, 2017
قومی آواز ۔ واشنگٹن : امریکی انتظامیہ کے نئے احکامات کے مطابق اگر کوئی غیرملکی شہری وائٹ ہاؤس کا وزٹ کرنا چاہے تو اسے واشنگٹن میں موجود اپنے سفارت خانے کے ذریعے درخواست دینا ہوگی، سفارت خانہ امریکی حکام سے رابطہ کرے گا جس کے بعد درخواست گذار کو 45 منٹ کے وزٹ کی اجازت دی جاسکتی ہے۔

دوسری جانب واشنگٹن میں قائم برطانوی سفارت خانے کا کہنا ہے کہ برطانوی سفارت خانہ فی الحال اپنے ملک کے شہریوں کو وائٹ ہاؤس کی سیر کی سہولت فراہم کرنے سے قاصر ہے۔ سفارت خانے کے مطابق برطانیہ کے کسی شہری کو وائٹ ہاؤس کا وزٹ کرانے کی اجازت نہیں ہے اور یہ سلسلہ غیر معینہ مدت تک بند ہے۔

برطانوی سفارت خانے کا کہنا ہے کہ امریکی حکام کی طرف سے انہیں بتایا گیا ہے کہ وہ فی الحال اپنے شہریوں کی وائٹ ہاؤس کی سیر کا سلسلہ روک دے۔