ہڑتال کرنے والوں کو خمیازہ بھگتنا پڑے گا : وزیر اعظم نواز شریف

قومی آواز نامہ نگار اسلام آباد: وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ ہڑتال کرنے والوں کو اپنے کیئے کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا، ہڑتال کے نام پر سیاست ہو رہی ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پی آئی اے ملازمین کو ہڑتال نہیں کرنی چاہیے ،ملازمین کی ہڑتال سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے اور ادارے کو بھی نقصان ہو رہا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ ہڑتال اور دھمکیوںکا کلچر برداشت نہیں کیا جائے گا ،پی آئی اے ملازمین کی ہڑتال سے ادارے کو پچاس کرو ڑ روپے کا نقصان ہوا ہے۔ نجی نیوز چینل کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ تمام آپشنز استعمال کرنے کے بعد مذاکرات سے لازمی سروس ایکٹ لاگو کیا گیا ،لازمی سروس ایکٹ ذوالفقار بھٹو ،ضیا الحق اور پیپلز پارٹی کے دور میں بھی لاگو کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کے لیے سرمایہ کاری کا انتظام کر رہے ہیں ،ادارے کو منافع بخش اور جدید بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ پی آئی اے جوائنٹ ایکشن کمیٹی حکومت سے مذاکرات کرکے مسائل کا حل نکالے ،کسی بھی ملازم کو نہیں نکالا جائے گا۔پی آئی اے کی بہتری میں ادارے اور ملازمین کا فائدہ ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ فلائٹس آپریشن کے لیے متبادل انتظامات کرلیے گئے ہیں ،فلائٹس کا بروقت ہونا 82فیصد ہو گیا ہے۔